سنٹرل پولیس آفس: آئی جی پنجاب کی کھلی کچہری، شہریوں کے مسائل سنے

10-03-2023

(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے سنٹرل پولیس آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا ۔

آئی جی پنجاب نے کھلی کچہری میں شہریوں اور پولیس ملازمین کے مسائل سن کر احکامات جاری کئے، ڈاکٹر عثمان انور نے شہریوں کی درخواستوں پر ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ ڈی پی اوز سے رپورٹ طلب کرلی اور مسائل کے ازالے کے لیے فوری کارروائی کا حکم دیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آئی جی ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ ضلعی پولیس افسران شہریوں کی درخواستوں پر فوری کارروائی کرکے انہیں انصاف مہیا کریں، غریب ،مستحق بزرگ اور خواتین شہریوں کی درخواستوں پر ترجیحی ایکشن یقینی بنایا جائے ۔ آئی جی پنجاب نے کھلی کچہری میں پیش ہونے والے ملازمین کے مسائل بھی سنے، عثمان انور نے کہا کہ ٹرانسفر، پوسٹنگ، جزا و سزا اور ویلفیئر سے متعلقہ درخواستوں پر  میرٹ کے مطابق ہر ممکن ریلیف دیا جائے ۔ آئی جی پنجاب نے غازیوں اور دوران سروس انتقال کرنے والے ملازمین کے اہل خانہ کے مسائل بارے بھی احکامات جاری کئے۔    ان کا کہنا تھا کہ فورس کے مسائل کا ازالہ کرکے ہی ہم ان سے بہتر پرفارمنس کا تقاضا کر سکتے ہیں ،شہدا کے ساتھ دوران سروس انتقال کرنے والے ملازمین کے اہلخانہ کی ویلفیئر کا ہر ممکن خیال رکھا جا رہا ہے۔