مہنگائی کے باعث ملک کے حالات انتہائی بدتر ہو چکے: حاجرہ یامین

10-03-2023

(ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حاجرہ یامین نے کہا ہے کہ مہنگائی کے باعث ملک کے حالات انتہائی بدتر ہو چکے ہیں۔

حال ہی میں اداکارہ نجی ٹی وی شو میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنے کیریئر، زندگی اور ملکی حالات بارے اپنے خیالات کا کھل کر اظہار کیا۔ مہنگائی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے حاجرہ یامین کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے عام آدمی کا جینا اجیرن کر رکھا ہے،  شدید مہنگائی  کے باعث ملک کے حالات انتہائی ابتر ہو چکے ہیں جس کی ذمہ داری لینے کو کوئی تیار نہیں۔ اداکارہ نے ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ کچھ دن پہلے رات گئے شوٹ سے واپسی پر دیکھا تو سڑکیں سنسان تھیں، ساتھ ہی ساتھ یہ بھی احساس ہوا کہ اس قدر خاموشی اور سناٹے میں جلد ہی وہاں کوئی نامناسب واقعہ رونما ہو جائے گا ۔ حاجرہ نے خالی سڑکوں کی وجہ پٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ  پٹرول کی قیمتیں بڑھنے کی وجہ سے لوگوں کے چہروں پر خوف، مایوسی اور بے بسی چھا گئی ہے، لوگ دو وقت کی روٹی کے لیے محنت کررہے ہیں اسی وجہ سے کوئی احتجاج کے لیے بھی نہیں نکلتا۔ ان کا کہنا تھا کہ  کہا جاتا ہےعوام صرف ایک دن احتجاج کے طور پر پٹرول خریدنا بند کرے تو سب کو پتا چل جائے گا لیکن در حقیقت ایسا کبھی نہیں ہو سکتا، ملک کے جو حالات ہو چکے ہیں ایسے میں ہر کوئی اپنی اپنی بقا کی جنگ لڑ رہا ہے، ایسی صورت حال میں گروپ بندی یا احتجاج نہیں کیا جا سکتا۔