پی آئی اے آڈٹ رپورٹ میں طیاروں کی گراؤنڈنگ بارے سنسنی خیز انکشاف

10-03-2023

(ویب ڈیسک) طیاروں کی مرمت کا کام دنوں میں مکمل کرنے کے بجائے سالوں لگا دیئے، پی آئی اے کی آڈٹ رپورٹ میں طیاروں کی گراؤنڈنگ سے متعلق سنسنی خیز انکشافات سامنے آگئے۔

پی آئی اے کی آڈٹ رپورٹ کے مطابق طیاروں کی دنوں کی گراؤنڈنگ برسوں پر محیط ہونے سے قومی ایئر لائن کو مجموعی طور پر 38 ارب 40 کروڑ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا، جہاز عارضی گراؤنڈنگ اور شیڈول مینٹی نینس کی وجہ سے گراؤنڈ کیے گئے تھے۔ رپورٹ کے مطابق انتظامیہ نے عارضی گراؤنڈنگ اور شیڈول مینٹی نینس کیلئے 19 سے 28 دن کا وقت مختص کیا تاہم انتظامیہ کی سست روی کے نتیجے میں طیاروں کی 905 روز تک طویل گراؤنڈنگ ہوئی۔ ذرائع کے مطابق اے ٹی آر کیلئے بھی 24 دن کا وقت مختص کیا گیا لیکن اس پر 905 دن لگے، طویل گراؤنڈنگ کے نتیجے میں پی آئی اے کو نقصان اٹھانا پڑا، 16 جنوری کو DAC میٹنگ میں بھی اس بے ضابطگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔