پروازوں کی آمد و روانگی میں تاخیر، سعودی عرب کی پی آئی اے کو وارننگ

10-02-2023

(لاہور نیوز) پروازوں کی آمد و روانگی میں تاخیر کے معاملے پر سعودی عرب نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز ( پی آئی اے ) سمیت دیگر غیر ملکی ایئرلائنز کو وارننگ نوٹس جاری کر دیا۔

سعودی حکومت کی جانب سے مجموعی طور پر 26 ائیرلائنز کو وارننگ لیٹر جاری کئے گئے ہیں، وارننگ لیٹر وصول کرنے والوں میں سعودی ایئر لائن، پی آئی اے سمیت دیگر ایئر لائنز بھی شامل ہیں۔سعودی ایوی ایشن کی وارننگ میں کہا گیا ہے کہ اگر ایئرلائنز نے اپنی پروازوں کی پرفارمنس ٹھیک نہیں کی تو موسم گرما میں ان کے سلاٹ میں کمی کر دی جائے گی۔ گاگا نے اپنی وارننگ میں کہا کہ پی آئی اے اپنی پروازوں کی وقت پر آمد اور روانگی کو یقینی بنائے، پی آئی اے کو جرمانے کی بھی وارننگ دی گئی ہے۔واضح رہے کہ پی آئی اے کا سعودی عرب کے لئے فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہے، طیارے خراب ہونے کی وجہ سے پروازیں کئی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہیں۔