جولائی تا ستمبر: برآمدات میں 3.78، درآمدات میں 25.36 فیصد کمی ریکارڈ

10-02-2023

(لاہور نیوز) ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق جولائی سے ستمبرتک برآمدات میں 3.78 فیصد جبکہ درآمدات میں 25 اعشاریہ 36 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 5 ارب 28 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا تجارتی خسارہ ریکارڈ ہوا، رواں مالی سال جولائی سے ستمبر  تک برآمدات کا حجم 6 ارب 89 کروڑ 90 لاکھ ڈالر ریکارڈ ہوا۔ ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ مالی سال اسی عرصے کے دوران 7 ارب 17 کروڑ ڈالر کی برآمدات ریکارڈ ہوئی تھیں، رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران درآمدات 12 ارب 18 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی رہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ماہ ستمبر کے دوران اگست کی نسبت برآمدات میں 4.18 فیصد کا اضافہ ریکارڈ ہوا،ستمبر میں اگست کی نسبت درآمدات 4 ارب 52 کروڑ ڈالر سے کم ہو کر 3 ارب 95 کروڑ ڈالر  پر آگئیں۔ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ماہ ستمبر میں گزشتہ مالی سال ستمبر کی نسبت درآمدات میں 25.30 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔