پاکستان اوور 40 گلوبل کرکٹ کپ کا چیمپئن بن گیا
10-02-2023
(لاہورنیوز) پاکستان ویسٹ انڈیز کو152 رنز سے شکست دیکر اوور 40 گلوبل کرکٹ کپ کا چیمپئن بن گیا۔
کراچی میں ہونیوالے اوور 40 گلوبل کرکٹ کپ کے فائنل میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 328 رنز بنائے اور ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 329 کا ہدف دیا۔ مصباح الحق نے 93 گیندوں پر 6 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے 106 رنز کی اننگز کھیلی، حسن رضا نے 68 رنز بنائے اور عبدالرزاق 38 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔329 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیزکی پوری ٹیم 176 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ پاکستان کے عبدالقادر نے ویسٹ انڈیز کے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا، وہ ٹورنامنٹ میں 28 وکٹوں کے ساتھ ٹاپ پر رہے۔