لیٹر آف ایڈمنسٹریشن اینڈ سکسیشن سرٹیفکیٹ ایکٹ 2021 کے تحت وراثتی انتقال کے تصدیق کی منظوری
10-02-2023
(لاہور نیوز) صارفین کی سہولت کے پیش نظر لیٹر آف ایڈمنسٹریشن اینڈ سکسیشن سرٹیفکیٹ ایکٹ 2021 کے تحت وراثتی انتقال کے تصدیق کی منظوری دیدی گئی۔
ترجمان پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کے مطابق عوامی سہولت کے پیش نظر لینڈ ریکارڈ خدمات میں نئی اصلاحات متعارف کروا دی گئی ہیں۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کی ہدایت پر پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کی جانب سے لیٹر آف ایڈمنسٹریشن اینڈ سکسیشن سرٹیفکیٹ ایکٹ 2021 کے تحت وراثتی انتقال کی تصدیق کی اجازت دے دی گئی ہے جس کے پیش نظر تمام وراثتی انتقالات کم از کم دورانیے میں تصدیق ہو سکیں گے۔ ترجمان نے بتایا صارفین نادرا سے لیٹر آف ایڈمنسٹریشن یا سکسیشن سرٹیفکیٹ کی وصولی کے بعد اراضی ریکارڈ سنٹر سے وراثتی انتقال کی تصدیق کروا سکتے ہیں۔ اس ضمن میں تمام فیلڈ افسران کو لیٹر آف ایڈمنسٹریشن اینڈ سکسیشن سرٹیفکیٹ ایکٹ 2021 کے تحت فوری انتقال تصدیق کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی سائرہ عمر کا کہنا ہے کہ اراضی ریکارڈ سنٹرز کو جدید ٹیکنالوجی کے مطابق منظم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں جس سے مالکان اراضی کے لیے خدمات کے حصول کو صاف شفاف اور مزید سہل بنایا جائے گا۔