ایل ڈی اے سٹی ہاؤسنگ سکیم کے اراضی ماسٹر پلان میں مبینہ تبدیلیوں کا انکشاف

10-02-2023

(لاہور نیوز) ایل ڈی اے سٹی ہاؤسنگ سکیم کے اراضی ماسٹر پلان میں مبینہ تبدیلیوں کا انکشاف ہو گیا۔ نیا پاکستان اپارٹمنٹس کو منتقل ہونے والی اراضی دوبارہ ایل ڈی اے سٹی کو منتقل کر دی گئی۔

سکیم کے ماسٹر پلان کے 45 ہزار کنال رقبہ سے اراضی اپارٹمنٹس منصوبہ کو منتقل کی گئی۔ اپارٹمنٹس منصوبہ کو اراضی منتقل کرنے سے سکیم کے الاٹیوں کو پلاٹ دینا مشکل ہو گیا۔ سکیم میں اراضی کم پڑنے کی وجہ سے الاٹیوں کو پلاٹ دینا معمہ بن گیا۔ ایل ڈی اے نے معاملے کی گتھی سلجھانے کے لیے اپارٹمنٹ منصوبہ کی اراضی کو واپس ایل ڈی اے سٹی کو دے دیا۔ ایل ڈی اے سٹی اپارٹمنٹس کے لیے 8496 کنال اراضی مختص کی گئی تھی۔ مختص شدہ اراضی پر 33 ہزار 868 اپارٹمنٹس کی تعمیر کی جانی تھی۔ موضع ہلوکی میں ایل ڈی اے نے 896 اپارٹمنٹس کی تعمیر کا آغاز کیا۔ ایل ڈی اے نے مزید پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے ایل ڈی اے سٹی کے باقی اپارٹمنٹس کی تعمیر کا منصوبہ ختم کر دیا۔ ایل ڈی اے گورننگ باڈی کے میٹنگ منٹس کے مطابق ایل ڈی اے سٹی اپارٹمنٹس کی 8496 کنال سے بچ جانے والی اراضی واپس ایل ڈی اے سٹی کو منتقل کر دی گئی۔ ایل ڈی اے سٹی اپارٹمنٹس کی مختص بقایا 8200 کنال اراضی واپس ایل ڈی اے سٹی کو منتقل کر دی گئی۔ اپارٹمنٹس کی اراضی منتقل کرنے سے نیا پاکستان منصوبہ عملی طور پر بند ہو گیا۔ ایل ڈی اے گورننگ باڈی نے اپارٹمنٹس کی تعمیر سے متعلق کمیٹی تشکیل دے دی۔