چیئرمین پی ٹی آئی کی 9 مقدمات میں درخواست ضمانت خارج کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار

10-02-2023

(ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی 9 مقدمات میں درخواست ضمانت خارج کیے جانے کا سیشن عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا ۔

چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواستیں بحال کرنے کی استدعا منظور کرلی،اسلام آباد ہائی کورٹ نے ٹرائل کورٹ میں ضمانت کی درخواستیں بحال کرتے ہوئے ضمانت خارج کرنے کے ٹرائل کورٹس کے فیصلے کالعدم قرار دے دیے۔ ہائی کورٹ نے ضمانت کی درخواستیں بحال کرتے ہوئے ٹرائل کورٹس کو دوبارہ سماعت کا حکم دیا۔ یاد رہے کہ سیشن کورٹ اور انسداد دہشت گردی عدالت نے عدم پیروی پر چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانتیں خارج کی تھیں، چیئرمین پی ٹی آئی نے ضمانتیں خارج کرنے کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں  چیلنج کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ 9 ضمانت کی درخواستیں متعلقہ عدالتوں میں زیر التوا سمجھی جائیں اور ان 9 مقدمات میں متعلقہ عدالتوں کے حتمی فیصلے تک گرفتاری سے روکا جائے،متعلقہ عدالتوں کو 9 مقدمات کے فیصلے میرٹ پر کرنے کی ہدایت دی جائے۔ واضح رہے کہ ان کیسز میں 9 مئی کے تین مقدمات، اسلام آباد میں احتجاج کے تین مقدمات، توشہ خانہ جعل سازی کیس، دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور اقدام قتل کے مقدمات شامل ہیں، 6 درخواستیں سیشن کورٹ اور تین انسداد دہشت گردی عدالتوں میں ہیں۔