لیسکو کا بجلی چوروں کیخلاف آپریشن، 588 افراد پکڑے گئے
10-02-2023
(لاہور نیوز) لیسکو کے پانچوں اضلاع میں بجلی چوروں کیخلاف آپریشن جاری ہیں۔ پچیسویں روز کے آپریشن کے دوران 588 افراد بجلی چوری کرتے پکڑے گئے۔
ترجمان لیسکو کے مطابق تمام بجلی چوروں کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواستیں دے دی گئیں جن میں سے 258 ایف آئی آرز رجسٹرڈ ہو چکی ہیں، پکڑے جانے والے کنکشنز میں کمرشل 17، زرعی 1 اور 570 ڈومیسٹک تھے، کنکشنز منقطع کرکے ان کو آٹھ لاکھ ستتر ہزار تین سو چھیانوے یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں، یونٹس کی مالیت 6 کروڑ سڑسٹھ لاکھ چون ہزار نو سو آٹھ روپے ہے۔ ترجمان لیسکو کا کہنا ہے گجر پورہ کے علاقے میں صارف کو 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا، بستی سیدن شاہ میں کنکشن کو 5 لاکھ روپے کا جرمانہ کیا گیا، بحریہ ٹاون میں صارف کو 357408 روپے کا جرمانہ کیا گیا، سندر قصور میں کنکشن کو 325872 روپے کا جرمانہ کیا گیا، پچیس روز کے دوران کل 11578 افراد بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ترجمان نے مزید بتایا اب تک کل 10505 ایف آئی آرز رجسٹرڈ ہو چکی ہیں اور کل 3484 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، بجلی چوروں کو اب تک دو کروڑ بیالیس لاکھ پچاس ہزار سات سو پچیس یونٹس چارج کئے گئے ہیں، جن کی رقم ایک ارب نو کروڑ چونسٹھ لاکھ تیرہ ہزار ایک سو دو روپے ہے۔