ملکی مسائل کا حل صرف نواز شریف کی قیادت میں ممکن ہے، رانا ثناء اللہ

10-01-2023

(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر اور سابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ اس ملک کے مسائل کا حل صرف نواز شریف کی قیادت میں ممکن ہے۔

اپنے ایک بیان میں مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ قائد کی 21 اکتوبر کی واپسی کے اعلان پر عوام کا جوش و خروش مثالی ہے، عوام 21 اکتوبر کی واپسی کو اپنی خوشحالی اور پاکستان کی ترقی کی واپسی سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو عوام نجات دہندہ سمجھتے ہیں، پورے پاکستان میں استقبالیہ پروگرامز میں عوام کی دلچسپی اور شرکت اس بات کا ثبوت ہے۔ سابق وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ عوام 2017ء کے پاکستان اور اس کو بنانے والوں کو یاد کرتے ہیں، انشاءاللہ 21 اکتوبر پاکستان کو دوبارہ ترقی اور خوشحالی کے راستے پر ڈال دے گا، عوام معمار پاکستان کا ایک فقید المثال استقبال کریں گے۔