میو ہسپتال کی اپ گریڈیشن کیلئے تمام درکار فنڈز مہیا کریں گے:محسن نقوی
10-01-2023
(لاہور نیوز) "ایک اور وعدہ پورا" نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اپ گریڈیشن کے بعد کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج یونیورسٹی کے ابن سینا ریڈنگ روم اور کیفے ٹیریا کا افتتاح کردیا۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب کابینہ کے ہمراہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج یونیورسٹی کا دورہ کیا اور اپ گریڈڈ ریڈنگ روم اور کیفے ٹیریا میں فراہم کردہ سہولتوں کاجائزہ لیا، وزیراعلیٰ محسن نقوی اور صوبائی وزراء نے کیفے ٹیریامیں کھانے پینے کی اشیاء کا معیار چیک کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کیفے ٹیریا کے کچن میں گئے اور کھانے کی اشیاء کی تیاری کے عمل کا بھی مشاہدہ کیا،محسن نقوی اور صوبائی وزراء نے ریڈنگ روم اور کیفے ٹیریا میں موجود ڈاکٹرز سے ملاقات کی اور سہولتوں کے بارے استفسار کیا، ڈاکٹرزنے ریڈنگ روم اور کیفے ٹیریا کی اپ گریڈیشن پر وزیراعلیٰ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔ افتتاح کے بعد ڈاکٹرز سے گفتگو کرتےہوئے محسن نقوی نے کہا کہ سٹوڈنٹس کو ریڈنگ روم اور نیا کیفے ٹیریا مبارک ہو، چندماہ پہلے دورے پر دیکھا تو کیفے ٹیریا کی حالت ابتر تھی،ریڈنگ روم کے اے سی خراب، ڈسٹ اور بری حالت تھی، ریڈنگ روم انٹرنیشنل سٹینڈرڈ کا بن گیا ہے،اب اس کاخیال رکھنا آپ کی ذمہ داری ہے۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ مجھے اصل خوشی تب ہوگی جب پورا میو ہسپتال اپ گریڈ ہوجائے گا،امید ہے کہ 31جنوری تک میو ہسپتال اپ گریڈ ہو جائے گا، ہسپتال انتظامیہ اپ گریڈیشن کے کام کی اونر شپ لے گی اور کام جلد ہوجائے گا ،میں ہر فلور پر جا کر جاری کام کی پیشرفت کاجائزہ لیتا ہوں، میو ہسپتال کا آؤٹ ڈور بھی نیا بنایا جائے گا، ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے لئے جتنے فنڈز درکار ہوئے مہیا کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ ایمرجنسی میں انتہائی نگہداشت کے ڈاکٹرز نہیں ہیں،ہم نے ان ڈاکٹرز کو لاناہے،خواہ بیرون ملک سے ان ڈاکٹرز کی خدمات حاصل کی جائیں۔