وزیراعلیٰ محسن نقوی کا قومی دن کے موقع پر چینی قیادت کو مبارکباد کا پیغام

10-01-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چین کے قومی دن کے موقع پر چینی صدر اور قوم کے نام مبارک باد کا پیغام جاری کیا ہے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عوامی جمہوریہ چین کے قومی دن پرچین کے صدر،وزیراعظم اور دیگر قیادت کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں ، پاکستان میں چین کے سفیر،چینی قونصل جنرل اور عوام کے لئے نیک خواہشات کااظہار کرتاہوں، چین پاکستان کا بہترین ہمسایہ، دوست اورسٹرٹیجک پارٹنر ہے، چین کی نمایاں کامیابیاں پاکستان سمیت تمام ترقی پذیر ممالک کے لیے قابل تقلید ہے۔ محسن نقوی نے مزید کہا ہے کہ  پاکستان اور چین کے تعلقات نے وقت کی کسوٹی پر ہر قسم کے حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور مضبوط سے مضبوط تر ہوتے رہے ہیں، سی پیک ایک گیم چینجر ہے، چین پاکستان اقتصادی راہداری عوام کو بے پناہ ثمرات فراہم کر رہاہے، پاکستان اس منفرد شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ نگران وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ  ہماری دعائیں اور خواہشات ہمیشہ چین کے عوام کے ساتھ رہیں گی، دعا ہے کہ اس قومی دن کی صبح چینی عوام کے لیے دیرپا امن، خوشحالی اور خوشی لائے، پاکستان کی حکومت اورعوام اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔