ورلڈکپ: کرکٹ لیجنڈز پاک بھارت فائنل دیکھنے کے خواہشمند
10-01-2023
(ویب ڈیسک) سابق کرکٹرز نے ایک بار پھر ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ورلڈکپ کا فائنل دیکھنے کی امید ظاہر کردی۔
آئی سی سی ورلڈکپ کے آفیشل براڈ کاسٹر سٹارسپورٹس کو انٹرویو میں سابق ویسٹ انڈین اوپنر کرس گیل، لنکن سپنر مرلی دھرن اور بھارتی بیٹر دنیش کارتک نے میگا ایونٹ کے فائنل میں روایتی حریفوں کے درمیان مقابلے کی پیشگوئی کردی ۔ کرس گیل نے کہا کہ امید ہے کہ یہ ہندوستان اور پاکستان کا فائنل ہوگا جبکہ مرلی دھرن کا کہنا تھا میں گرین شرٹس اور بھارتی سورماؤں کے درمیان مقابلہ دیکھنا پسند کروں گا۔ اسی طرح سابق بھارتی کرکٹر نے بھی پاک بھارت فائنل دیکھنے کی توقعات کا اظہار کیا۔ دوسری جانب سابق پاکستان فاسٹ بولر اور ورلڈکپ کے کمنٹری پینل میں شامل وقار یونس نے فائنل کیلئے بھارت اور دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو مضبوط امیدوار کے طور پر نامزد کیا۔ ورلڈکپ کا آغاز 5 اکتوبر سے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہوگا، ایونٹ میں قومی ٹیم اپنا پہلا میچ نیدرلینڈز کے خلاف 6 اکتوبر کو حیدر آباد میں کھیلے گی۔ واضح رہے پاکستان اور بھارت کے درمیان میگا ایونٹ کا اہم معرکہ 14 اکتوبر کو احمد آباد میں کھیلا جائے گیا جبکہ ایونٹ کا فائنل 19 نومبر کو اسی گراؤنڈ میں شیڈول ہے۔