چیئرمین پی ٹی آئی کی توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی کیخلاف درخواستیں سماعت کیلئے مقرر

09-30-2023

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف کی توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی کیخلاف درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کر دیں اور درخواستوں پر سماعت کیلئے فل بنچ تشکیل دے دیا گیا۔

تین رکنی فل بنچ جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 4 اکتوبر کو سماعت کرے گا، جسٹس شہرام سرور چودھری اور جسٹس اسجد جاوید گھرال بنچ کا حصہ ہیں۔ درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو توہین عدالت کی کارروائی کا کوئی اختیار نہیں، الیکشن کمیشن عدالت نہیں ہے بلکہ ایک ادارہ ہے، توہین عدالت کا اختیار آئین کے تحت صرف عدالت کو حاصل ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری توہین عدالت کی کارروائی کو کالعدم قرار دیا جائے۔ یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو حتمی فیصلہ کرنے سے روک رکھا ہے۔