مہنگائی کی رفتار زور پکڑنے لگی، پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ

09-29-2023

(لاہور نیوز) مہنگائی کی رفتار زور پکڑنے لگی ۔ پولٹری مصنوعات کی قیمتوں کو پھر پر لگ گئے۔

مہنگائی ٹرین پھر سے فراٹے بھرنے لگی۔ برائلر کے دام پھر بے لگام ہو گئے۔ مرغی کا گوشت 22 روپے مہنگا ، فی کلو قیمت 534 روپے تک جا پہنچی۔ زندہ برائلر کی فی کلو قیمت میں بھی 15 روپے اضافہ، ہول سیل میں زندہ برائلر 343 اور  پرچون میں 356 روپے فی کلو ہے۔ فارمی انڈے ایک روپیہ اضافے سے 295 روپے فی درجن ہو گئے۔ انڈوں کی پیٹی 8 ہزار 730 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔ پرچون میں انڈے 310 روپے درجن تک مل رہے ہیں۔ سبز مصالحہ جات کی قیمتیں بھی  قوت خرید سے باہر ہو گئیں۔ سرکاری ریٹ لسٹ میں پیاز کی فی کلو قیمت 95 روپے مقرر، مارکیٹ میں پیاز 130 روپے فی کلو ہے۔ ٹماٹر 85  روپے کے بجائے 120 روپے فی کلو بیچے جا رہے ہیں۔ اوپن مارکیٹ میں لہسن ہرنائی 650 ، ادرک 1280 اور سبز مرچ 200 روپے  فی کلو دستیاب ہے۔ مارکیٹ میں اشیائے ضروریہ کے دام سرکاری ریٹ لسٹ کے برعکس وصول کرنا بھی معمول بن چکا ہے۔