پٹرول سستا ہونے کی افواہوں کے بعد لاہور کے بیشتر پمپس پر فروخت بند

09-29-2023

(ویب ڈیسک) پٹرول سستا ہونے کی افواہوں کے بعد لاہور کے بیشتر پمپس پر فروخت بند ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے زیادہ تر پٹرول پمپس پر پٹرول کا سٹاک ختم ہو گیا جس کی وجہ سے فروخت بند کر دی گئی۔ ہائی سپیڈ ڈیزل اور پٹرول کی قیمتوں میں یکم اکتوبر سے 15 اکتوبر تک کی مدت کے لیے تقریباً 5 روپے سے 19 روپے فی لیٹر کمی کا تخمینہ ظاہر کیا گیا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ کمی گزشتہ 2 ماہ کے دوران پہلی بار ہو گی جس کی بنیادی وجہ روپے کی قدر میں اضافہ ہے۔ ادھر پٹرول پمپس مالکان نے سٹاک پہلے ہی ختم کر دیا ہے اور مزید تیل نہیں خریدا اور بیشتر پٹرول پمپس پر سیل بند کر دی گئی ہے جس وجہ سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق تیل عالمی منڈی میں 101 ڈالر فی بیرل سے 99 ڈالر فی بیرل پر آ گیا ہے اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں تقریباً 10.5 روپے کا اضافہ بھی ہوا ہے۔