ورلڈ کپ وارم اپ میچ: پاکستان کا نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 346 رنز کا ہدف

09-29-2023

(ویب ڈیسک) آئی سی سی ورلڈکپ کے وارم اپ میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 346 رنز کا ہدف دے دیا۔

حیدر آباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم  نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 345 رنز بنائے۔ قومی ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا، اوپنر امام الحق 10 گیندوں پر محض ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ عبداللہ شفیق 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کی پارٹنر شپ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ بابر اعظم 80 رنز بنا کر کیچ آؤٹ جبکہ محمد رضوان 103 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہو گئے، سعود شکیل 75 رنز اور شاداب خان 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ ٹیم کی قیادت ٹام لیتھم کر رہے ہیں۔ کین ولیمسن گھٹنے کی سرجری کے بعد ٹیم میں واپس آئے ہیں اس لیے ولیمسن انگلینڈ کے خلاف ورلڈکپ میچ نہیں کھیلیں گے وہ آج پاکستان سے وارم اپ میچ میں صرف بیٹنگ کریں گے جبکہ جنوبی افریقا کے خلاف وارم اپ میچ میں ولیمسن بیٹنگ کے ساتھ فیلڈنگ بھی کریں گے۔ واضح رہے کہ ورلڈکپ مہم میں پاکستان اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گا۔