محسن نقوی کا سروسز ہسپتال کا دورہ،ماڈل وارڈ میں سہولیات کا جائزہ لیا
09-29-2023
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کابینہ کے ہمراہ سروسز ہسپتال پہنچ گئے، وزیراعلیٰ اورپنجاب کابینہ نے سروسز ہسپتال میں بنائے گئے ماڈل وارڈ اورماڈل روم کامعائنہ کیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی اورکابینہ نے ماڈل وارڈ اورماڈل روم میں فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا، محسن نقوی نے ماڈل کوریڈور،نرسنگ کاؤنٹر،وارڈ اور روم میں لگائی گئی ٹائلز اور ونڈوزکا مشاہدہ کیا، وزیراعلیٰ نے ماڈل وارڈ اور ماڈل روم کو مزید بہتر بنانے کیلئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کابینہ کا متفقہ فیصلہ ہے کہ سانحہ جڑانوالہ پر جے آئی ٹی نہیں بنائی جائے گی، کابینہ اجلاس میں لاہور کی 6تحصیلوں کی تعداد بڑھاکر 9تحصیلیں بنانے کا فیصلہ کیاگیاہے، لاہور میں دو ڈپٹی کمشنرز ہونے چاہئیں یا نہیں، اس بات کا تعین کرنے کیلئے کمیٹی بنا دی گئی ہے۔ یہ بھی پڑھیں: عید میلاد النبیؐ کی اصل خوشی نبی پاکؐ کی سنت پر عمل کرنے میں ہے، محسن نقوی محسن نقوی نے کہا کہ انجکشن سکینڈل پرائیویٹ ہسپتالوں میں پیش آیااوراس میں پرائیویٹ لوگ شامل ہیں، جیسے ہی انجکشن سکینڈل کے بار ے میں معلوم ہوا فوری کارروائی شروع کرکے ملزمان کو گرفتار کیا گیا، انجکشن سکینڈل میں ملوث تمام بااثر عناصرکوقانون کی گرفت میں لائے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آشوب چشم کا انجکشن سکینڈل کے ساتھ کوئی تعلق نہیں، آشوب چشم پورے پاکستان میں پھیلی ہوئی ہے،صرف پنجاب میں نہیں، آشوب چشم سے بچاؤ کے لئے ہم پوری کوشش کررہے ہیں،یہ ایک وباء ہے اس سے نمٹنے کے لیے جو ہم کرسکتے ہیں وہ کررہے ہیں، سکول اس لئے بند کیے کہ آشوب چشم کے بڑھنے کی رفتار کم ہو۔ یہ بھی پڑھیں: اقوام عالم میں کھویا مقام دوبارہ حاصل کرنے کیلئے اسوہ حسنہؐ پرعمل کرنا ہوگا: محسن نقوی انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہوا ہے ایم ایس سروسز ہسپتال کو باقاعدہ طورپر تھریٹ کیا جارہا ہے،جو لوگ بھی ایم ایس کو تھریٹ کررہے ہیں ان سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا، پورے سروسز ہسپتال کی اپ گریڈیشن ہورہی ہے۔