چودھری شجاعت سے اعجاز الحق کی ملاقات، سیاسی و معاشی معاملات پر تبادلہ خیال

09-29-2023

(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین سے مسلم لیگ ضیاء کےسربراہ اعجاز الحق نے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے بعد رہنما مسلم لیگ ق چودھری شافع حسین کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعجاز الحق نے کہا کہ چودھری شجاعت کو سیاسی طور پر بڑا سمجھتا ہوں، طویل ملاقات میں معاشی ،سیاسی اور اقتصادی امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت سیاست دانوں کو معیشت کی بحالی کے لیے ایک پیج پر ہونا چاہیے، سپیشل انویسٹمنٹ کونسل سے اعتماد بڑھا ہے، حالیہ سختی کے بعد ڈالر نیچے آیا ہے یہی تسلسل رہا تو معیشت درست سمت میں جاسکتی ہے، ڈالر کی قیمت کم ہوگی تو معیشت بہتر ہوگی۔ اعجاز الحق کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو اختلافات سائیڈ پر رکھتے ہوئے معیشت کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے، لیول پلیئنگ فیلڈ ہر جماعت اور شخصیت کے لیے ایک جیسی ہونی چاہیے، امید ہے آنے والے الیکشن صاف اور شفاف ہونگے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چودھری شافع حسین کا کہنا تھا کہ اعجاز الحق اور چودھری شجاعت کا کوئی نیا تعلق نہیں پرانا تعلق ہے، تمام پارٹیز اور سٹیک ہولڈرز کو مل کر مہنگائی کے خلاف اقدامات کرنے ہوں گے، آئی ایم ایف کے لون کو کم کرنے کے لئے نجکاری کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ق اور مسلم لیگ ضیاء الیکشن میں مل کر بیٹھیں گے، آئندہ کا سیاسی لائحہ عمل چودھری شجاعت کی سربراہی میں بنائیں گے۔