دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ ہے: مریم نواز

09-29-2023

(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ ہے۔

مریم نواز نے افغانستان سے دہشت گردوں کی پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام بنا نے پر افواج پاکستان کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے قابل فخر بیٹوں حوالدار ستار، لانس نائیک شیر اعظم، لانس نائیک عدنان اور سپاہی ندیم کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، مریم نواز نے شہداءکے اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنی افواج اور شہداء پر فخر ہے، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاکستانی افواج آہنی عزم اور بے مثال بہادری سے لڑ رہی ہیں، دہشت گردی کے خلاف افواج پاکستان نے عظیم ترین قربانیاں دی ہیں، افغانستان سے دہشت گردوں کے حملے قابل مذمت ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ ہے، ہم شہداءکے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لئے صبرجمیل کیلئے دعا گو ہیں۔ خیال رہے کہ آئی ایس پی آر کے مطابق  سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے قریب ژوب میں کارروائی کر کے ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کی افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران حوالدار ستار، لانس نائیک شیر اعظم، لانس نائیک عدنان اور سپاہی ندیم نے بہادری سے دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا تھا۔