ذکاء اشرف قومی ٹیم کےوالہانہ استقبال پر بھارتیوں کے مشکور
09-29-2023
(لاہور نیوز) پاکستانی کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکاء اشرف نے کہا ہے کہ جس طرح بھارت میں قومی ٹیم کا استقبال ہوا اس پر بھارتی عوام کے شکر گزار ہیں۔
اپنے ایک بیان میں ذکاء اشرف کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کے موقع پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کی انڈیا آمد پر اس کا جو زبردست استقبال ہوا ہے وہ اس بات کو ثابت کرنے کے لیے کافی ہے کہ دونوں ملکوں کے عوام ایک دوسرے کے کھلاڑیوں سے کتنی زیادہ محبت کرتے ہیں، اس کی ایک جھلک حیدرآباد دکن ایئرپورٹ پر نظر آئی ہے جس پر میں ذاتی طور پر بھارتیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی انڈیا اور پاکستان کرکٹ کے میدان میں اترتے ہیں تو یہ دونوں کرکٹ کے روایتی حریف کے طور پر ہی نظر آتے ہیں دشمن کے طور پر نہیں،امید ہے کہ پورے ورلڈ کپ کے دوران پاکستانی کرکٹرز کو اسی طرح پذیرائی ملے گی اور انڈین شائقین کو پاکستانی کرکٹرز کی طرف سے بہترین کرکٹ بھی دیکھنے کو ملے گی۔ چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم جب بھی انڈیا گئی ہے وہاں کے لوگوں نے اس کا والہانہ استقبال کیا ہے، اسی طرح انڈیا کی ٹیم جب بھی پاکستان آئی ہے اسے یہاں ہمیشہ پذیرائی ملی ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ کرکٹ ایک ایسا کھیل ہے جس نے ہمیشہ دونوں ملکوں کے درمیان محبت اور دوستی کے ُپل کا کردار ادا کیا ہے، دونوں ملکوں کے کرکٹرز ایک دوسرے کے ہاں ہمیشہ مقبول اور پسندیدہ رہے ہیں۔ ذکا اشرف نے کہا کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہونے والی کرکٹ ہمیشہ سے دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بنی ہے، یہی وجہ ہے کہ انڈیا پاکستان کرکٹ کو ایشز سے بھی بڑھ کر سمجھا جاتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں اس بات کا خواہشمند ہوں کہ دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ کرکٹ روابط بحال ہوں تاکہ دونوں ملکوں کے کروڑوں کرکٹ شائقین کو اپنے پسندیدہ کرکٹرز کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملے۔