اسوہ حسنہؐ کی پیروی ہی راہ نجات اور رہنمائی کا ذریعہ ہے: گورنر پنجاب

09-29-2023

(لاہور نیوز) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ آج وہ مبارک دن ہے جب رب کائنات نے محبوب کائنات حضرت محمد ﷺ کو تمام جہانوں کے لئے رحمت بنا کر بھیجا اور ساتھ ہی ختم نبوت کی مہر بھی ثبت کر دی۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے جشن میلاد النبیؐ کے موقع پر اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ  حضرت محمدﷺ نے عرب کے جہالت میں ڈوبے معاشرے کو شعور کی روشنی سے منور کیا، آپ سرکا رﷺ کی آمد نے قیامت تک رب العزت کی وحدانیت کے پیغام کو مسلمانوں کی زندگیوں کا مقصد حیات بنا دیا، تمام مسلمانوں کو یہ اعزاز اور فخر حاصل ہے کہ وہ محمدِ عربی ﷺ کےغلام ہیں، توحید اور عشق ِمحمد ﷺ کو دین کی بنیاد اور ختم نبوت کو نجات کی راہ اور ایمان سمجھتے ہیں۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ حضرت محمد ﷺ کے اسوہ حسنہ کی پیروی ہمارے لیے راہ نجات اور رہنمائی کا ذریعہ ہے،حضور اکرم ﷺ کی ذات اقدس قیامت تک تمام انسانوں کے لیے سرچشمہ ہدایت ہے۔ گورنر محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ ہمیں آج کے دن یہ عہد کرنا ہے کہ ہمیں نبی آخر زماںﷺ کے ابدی پیغام محبت ، صبر، برداشت اور حق کی ترویج کرنی ہے ، حضرت محمد ﷺ کی ذات اقدس سے محبت کا عملی اظہار آپ کی سیرت اور تعلیمات پر عمل کرنا ہے۔