ذکاء اشرف کے بھارت کو دشمن ملک کہنے پر سوشل میڈیا صارفین کا رد عمل

09-29-2023

(ویب ڈیسک) بھارت کو دشمن ملک کہنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین ذکاء اشرف کو سوشل میڈیا پر ایک طرف تنقید کا سامنا کرنا پڑا تو دوسری طرف کئی لوگ ان کے حق میں بول پڑے ہیں۔

چیئرمین پی سی بی کے بیان کے بعد بھارتی مبصر  وکرانت گپتا نے کہا کہ ذکا اشرف نے نو بال کرائی ہے۔   انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کا بھارت میں زبردست استقبال ہوا، پاکستانی کھلاڑیوں کے دشمن ذکا اشرف خود ہیں۔ ایک پاکستانی صارف نے انہیں جواب دیتے ہوئے کہا کہ شانت ہو جائیے جناب، یہ ایک سیاسی اصطلاح ہے جو دونوں ملک ایک دوسرے کیلئے استعمال کرتے ہیں۔ ایک صارف نے انہیں مشورہ دیا کہ وکرانت گپتا آپ پاکستانی اور بھارتی کھلاڑیوں کی گپ شپ کرائیں، اس کا دونوں ملکوں کے کرکٹ فینز پر اچھا اثر پڑے گا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نے کہا تھا کہ ہم نے کھلاڑیوں کا معاوضہ بڑھایا تاکہ  دشمن ملک میں پاکستان کیلئے کھیلنے جاتے وقت ان کے حوصلے بلند ہوں۔ چیئرمین پی سی بی کی جانب سے بھارت کو دشمن ملک کہنے پر سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے ملے جلے تاثر کا اظہار کیا گیا تھا۔