ملک بھر میں جشن عیدمیلاد النبیﷺ آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

09-29-2023

(لاہور نیوز) رحمت دو عالم، حضور پُرنور، حضرت محمد مصطفیﷺ کی ولادت باسعادت کا دن، ملک بھر میں جشن عیدمیلاد النبیﷺ آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔

دن کے آغاز پر پاک فوج کی جانب سے دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ آقائے دو جہاں نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے جشن ولادت کے روز صبح بہاراں كا آغاز بارگاہ رسالت ﷺ میں ہدیہ درود و سلام اور اجتماعی دعاؤں سے ہوا جس میں ملک کی سلامتی و خوشحالی کے لئے دعائیں مانگی گئیں۔ اس مقدس دن کے موقع پر مساجد، گھروں، گلیوں، شاہراہوں اور بازاروں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے، رنگ برنگی روشنیوں سے سجی عمارتیں دلکش منظر پیش کر رہی ہیں، مختلف علاقوں کو نعلین مبارک اور سبز پرچموں سے سجایا گیا ہے۔ ولادت النبی ﷺ کے حوالے سے آج ملک بھر میں جلوس و ریلیاں نکالی جائیں گی۔ جماعت اہلسنّت کراچی کے تحت مرکزی جلوس علامہ سید شاہ عبدا لحق قادری دیگر علماء ومشائخ کی قیادت میں نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے برآمد ہوگا جو براستہ ایم اے جناح روڈ نشتر پارک پہنچے گا۔ لاہور میں میلادالنبیؐ کا جلوس نوری مسجد ریلوے سٹیشن سے شروع ہوگا اور مختلف راستوں سے ہوتا ہوا داتا دربار پر اختتام پذیر ہوگا۔