میٹرو اورنج لائن ٹرین کو بجلی کی مکمل سپلائی کا انتظام نہ کیا جا سکا

09-28-2023

(لاہور نیوز) ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اور لیسکو حکام کی مبینہ غفلت کا ایک اور شاخسانہ سامنے آ گیا۔ میٹرو اورنج لائن ٹرین کو تاحال بجلی کی مکمل سپلائی کا انتظام نہ کیا جا سکا۔

ملتان روڈ پر بننے والے گرڈ سٹیشن پر بجلی کا بیک اپ ہی موجود نہیں ،جنریٹرز غیر فعال ہیں۔ اورنج ٹرین کو بجلی فراہم کرنے کے لیے گرڈ سٹیشنز کی تعمیر نامکمل  اور بجلی کے کنکشنز بھی مکمل فراہم نہیں ہو سکے۔ جی ٹی روڈ پر بنے گرڈ سٹیشن کو  بجلی کے  چار کنکشن مل سکے ،  مزید دو کنکشن درکار ہیں۔ ایل ڈی اے کی جانب سے گرڈ سٹیشن  کا  سول ورک مکمل کر دیا گیا ہے۔ لیسکو کے ساتھ باقی کنکشنز کی فراہمی سے متعلق بھی معاملات طے نہ پا سکے۔  اورنج  ٹرین کو بجلی کی سپلائی دینے کے لیے گرڈ  سٹیشن بھی مکمل فعال نہیں۔ آٹھ گرڈ سٹیشنز  کے بجائے  اورنج ٹرین کو آپریشنل کرنے کے لیے چھ گرِڈ سٹیشن تعمیر کیے گئے۔ لیسکو نے دو گرِڈ سٹیشنز تعمیر کرنے کے لیے تاحال ٹینڈر ہی نہیں لگائے۔ چھ تعمیر ہونے والے گرِڈ سٹیشنز میں سے بھی ایک فنی خرابی کا شکار ہے۔ جی ایم  آپریشنز ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ لیسکو کو باقی ماندہ دو گرِڈ سٹیشنز بھی فعال کرنے کی استدعا کی ہے۔