پنجاب رواں سال 2 ارب ڈالر کا چاول ایکسپورٹ کرے گا
09-28-2023
(لاہور نیوز) صوبے کی ضروریات پوری کرنے کے بعد پنجاب رواں سال 2 ارب ڈالر کا چاول ایکسپورٹ کرے گا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان سے رواں سال مجموعی طور پر 3 ارب ڈالر کا چاول برآمد کیا جائے گا۔ پنجاب سے گزشتہ سال صرف ایک ارب ڈالر کا چاول ایکسپورٹ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ اگلے دو سال میں پاکستان سے چاول کی برآمدات 5 ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہیں۔ اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ پنجاب میں رواں سال ماضی کی نسبت 125 فیصد کپاس کی گانٹھیں زیادہ حاصل ہوں گی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کپاس کے نرخ میں استحکام اور اضافے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیرصنعت و زراعت ایس ایم تنویر اور سیکرٹری زراعت اس ضمن میں وفاقی حکومت سے رابطہ کریں گے۔ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان سے کپاس کی فوری خریداری شروع کرنے کی درخواست کی جائے گی۔ پنجاب میں گندم کی پیداوار کا ابتدائی ہدف 40 ملین ٹن مقرر کیا گیا ہے۔ زیادہ پیداوار کے لئے معیاری بیج اور 15 نومبر تک گندم کی بوائی کی سفارشات دی گئیں۔