سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ سے کریمنل لاء ترمیمی بل 2023ء منظور
09-28-2023
(ویب ڈیسک) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے کریمنل لاء ترمیمی بل 2023ء متفقہ طور پر منظور کر لیا۔
سینیٹر محسن عزیز کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں سینیٹر ثمینہ ممتاز زہرا نے کریمنل لاء ترمیمی بل 2023ء منظوری کیلئے پیش کیا جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ بل کی منظوری سے جنسی زیادتی کے شکار افراد کا نجی ہسپتال میں علاج ممکن ہو گا، جنسی زیادتی کے شکار لوگوں کو ابتدائی طبی امداد پرائیویٹ ہسپتال دینے کا پابند ہو گا، جنسی زیادتی کے شکار فرد کو نجی ہسپتال ابتدائی امداد کے بعد 24 گھنٹوں کے اندر سرکاری ہسپتال کو ریفر کرے گا۔ بل پر بحث کرتے ہوئے سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ عمر قید کی سزا اور سزائے موت کی جگہ سرعام پھانسی کی جائے، پھانسی سرعام ڈی چوک میں نہیں جیل میں سب قیدیوں کے سامنے دی جائے۔ اس پر سینیٹر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ سرعام پھانسی سے بربریت ہو گی، جن معاشروں میں ایسی سرعام پھانسی ہوئی ہے وہاں بھی جرائم میں کمی نہیں آئی۔