ایشین گیمز: پاکستان ہاکی ٹیم نے تیسری جیت اپنے نام کر لی

09-28-2023

(ویب ڈیسک) چین کے شہر ہانگ زو میں جاری 19 ویں ایشین گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم نے فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے تیسری جیت اپنے نام کر لی ہے۔

پاکستان ٹیم نے اپنے پول کے تیسرے میچ میں ازبکستان کو 2 کے مقابلے میں 18 گول سے شکست دے دی ، قومی ٹیم نے میچ کے آغاز سے ہی اپنی گرفت بنالی تھی اور پے در پے گول سکور کیے۔ پاکستان کی جانب سے ازبکستان کے خلاف میچ میں ارباز احمد نے 5، رانا وحید اور افراز نے 3، 3، عمر بھٹہ اور عبدالرحمٰن نے 2، 2 جبکہ ارشد لیاقت، رومان خان اور سفیان خان نے 1، 1 گول سکور کیا۔ پاکستان ہاکی ٹیم اپنے 3 پول میچز میں اب تک 34 گول  سکور کر چکی ہے۔ پاکستان ہاکی ٹیم 3 میچز جیتنے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر تاحال پہلی پوزیشن برقرار رکھے ہوئے ہے جبکہ بھارت 2 میچز کے بعد دوسرے اور جاپان تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان کی ٹیم پول اے میں اپنا چوتھا میچ 30 ستمبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی جبکہ پانچواں اور آخری پول میچ 2 اکتوبر کو جاپان کے خلاف کھیلے گی۔ ایشین گیمز کے ہاکی کے مقابلوں میں 12 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جن کو 2 پول میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستان سمیت بھارت ، جاپان، بنگلہ دیش، سنگا پور اور ازبکستان کی ٹیمیں پول اے میں شامل ہیں جبکہ کوریا، ملائیشیا، چین،  عمان، تھائی لینڈ اور انڈونیشیا کی ٹیمیں پول بی میں شامل ہیں۔