فارماسِسٹس ایسوسی ایشن کا معطل 11 ڈرگ اِنسپکٹرز کی بحالی کا مطالبہ

09-28-2023

(لاہور نیوز) پاکِستان فارماسِسٹس ایسوسی ایشن پنجاب نے معطل 11 ڈرگ اِنسپکٹرز کی بحالی کا مطالبہ کر دیا۔

صدرپاکِستان فارماسِسٹس ایسوسی ایشن پنجاب پروفیسر ڈاکٹر فرقان ہاشمی کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس منعقد کِیا گیا جس میں پاکِستان فارماسِسٹس ایسوسی ایشن پنجاب کابینہ کے تمام عہدیداران جنرل سیکرٹری ڈاکٹرآصف فاروق اعوان، ڈاکٹر عمیر اِکرام ڈار، عبدالمجید بھٹی ایڈووکیٹ، ڈاکٹر شبیر احمد، پروفیسر ڈاکٹر مہتاب ، ڈاکٹر کلیم اللہ، ڈاکٹر سلیم منصور، ڈاکٹر فاروق احمد، ڈاکٹر جہانزیب وٹوُ ،  ڈاکٹر موسیٰ منظور، ڈاکٹر علی زوہیب، ڈاکٹر عاصمہ حنیف، ڈاکٹر رابیل کنول اور ڈاکٹر نِدا ارشد نے شِرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب کے ڈرگ انسپکٹرز کی حالیہ معطلی کو زیرِ بحث لایا گیا اور اِس امر پر شدید غم وغصے کا اِظہار کیا گیا کہ تحقیق کے بغیر ڈرگ اِنسپکٹرز کیخلاف نا اِنصافی پر مبنی کارروائی کرتے ہوئے پنجاب کے 11 ڈرگ اِنسپکٹرز کو اِن کی خِدمات سے معطل کرنے کا حکومتی عمل سراسر ظُلم، زیادتی اور حقائق کے برعکس ہے۔ پاکِستان فارماسِسٹس ایسوسی ایشن (پی پی اے) اِس کی پُر زور مُذمت کرتی ہے اور فی الفور معطل شُدہ  ڈرگ اِنسپکٹرز کی بحالی کا مطالبہ کرتی ہے۔ غیررجِسٹرڈ ادویات چوری اور سینہ زوری کیساتھ مریضوں کو لگائی جاتی ہیں اعلیٰ حکام کو مطمئن کرنے کیلئے اصل مجرموں اور ذمہ داروں کو بچاتے ہوئے انویسٹی گیشن کے بغیر ہی پنجاب کے  ڈرگ اِنسپکٹرز کو فوری مُعطل کر دیا گیا۔ فارماسِسٹس کیخلاف یہ ایک سوچی سمجھی سازِش ہے ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت 25 ستمبر ورلڈ رفارماسِسٹس ڈے کے موقع پر ڈرگ اِنسپکٹرز کو معطل کِیا گیا۔ پاکِستان فارماسِسٹس ایسوسی ایشن حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ اِس معطلی کے احکامات کو واپس لِیا جائے اور مکمل تحقیقات کر کے اصل ذِمہ داروں کو سامنے لایا جائے۔   پاکِستان فارماسِسٹس ایسوسی ایشن (پی پی اے) بِلا تحقیق اور بِلا جواز کی جانیوالی اِس کارروائی کے خلاف پورے پنجاب میں احتجاج کرے گی۔ بصورتِ دیگر احتجاج کا دائرہ کار پورے مُلک میں وسیع کر دیا جائے گا۔