ڈینگی مچھر کے وار مزید تیز، 54 نئے مریض رپورٹ
09-28-2023
(لاہور نیوز) ڈینگی مچھر کے وار مزید تیز ہونے لگے۔ لاہور میں ڈینگی کے 54 نئے مریض رپورٹ ہو گئے۔
شہر لاہور میں ڈینگی کے وار بدستور برقرار ہیں۔ صوبہ بھر میں 24 گھنٹے کے دوران ڈینگی کے 139 مریض سامنے آئے۔ رواں سال پنجاب میں ڈینگی کے 4 ہزار 53 کنفرم مریض رپورٹ ہو چکے ہیں۔ لاہور میں ڈینگی کے مصدقہ مریضوں کی تعداد ایک ہزار 641 ہو چکی ہے۔ راولپنڈی میں گزشتہ روز 45 ، ملتان میں 12 اور شیخوپورہ میں ڈینگی کے 3 مریض رپورٹ ہوئے۔ پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے 149 مریض زیر علاج ہیں۔ ضلع لاہور کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے 55 مریض داخل ہیں۔ سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان کا کہنا ہے کہ ڈینگی سے بچنے کے لئے شہری اپنے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں۔ ڈینگی کی روک تھام کے لئے شہری محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں۔