جشن عید میلاد النبیؐ کی تیاریاں عروج پر، گلیاں، بازار سج گئے

09-28-2023

(ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کی تیاریاں عروج پر ہیں، شہر رنگ و نور میں ڈوبا ہوا جبکہ ہر سو درود و سلام کی صدائیں بلند ہو رہی ہیں۔

ملک کے مختلف شہروں میں عاشقانِ رسولؐ نے گھروں اور گلیوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا ہے۔ جشن عید میلادالنبیؐ کے سلسلے میں شہر بھر کی مساجد، عمارتوں اور شاہراہوں کو سبز پرچموں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔ عاشقان رسول خانہ کعبہ اور مسجد نبویؐ کے خوبصورت ماڈلز بنا کر سرور کائناتؐ سے اظہارعقیدت کر رہے ہیں۔ علماء کرام کا کہنا ہے کہ حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عقیدت و محبت کا تقاضا ہے کہ آپ کی سیرت طیبہ کا محض ذکر ہی نہ کیا جائے، بلکہ آپؐ کی تعلیمات پرعمل کرکے ہی انسان دنیا اور آخرت میں سرخرو ہوسکتا ہے۔