وزیراعلیٰ پنجاب نے مال روڈ کو ڈسٹ فری بنانے کی منظوری دے دی

09-28-2023

(لاہورنیوز) وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور کی مرکزی شاہراہ قائداعظم (مال روڈ) کو ڈسٹ فری ماڈل روڈ بنانے کی منظوری دے دی۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی دارالحکومت لاہورکی مرکزی شاہراہ مال روڈ کو ڈسٹ فری (گرد سے پاک) بنایا جائے گا۔ مال روڈ کے اطراف اور گرین بیلٹ میں گھاس لگائے جانے کے علاوہ درختوں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر میں بارش کے پانی کو محفوظ رکھنے کیلئے نئے واٹر ٹینکس بنائے جائیں گے، تاجروں کی مشاورت سے مال روڈ پر یکساں اور خوبصورت سائن بورڈ لگائے جائیں گے۔ فیصلے کے مطابق مال روڈ سے تجاوزات کا خاتمہ کرنے کے علاوہ پارکنگ کے نظام کو بہترین بنایا جائے گا، مال روڈ پر صفائی کے انتظامات دنیا کے بہترین شہروں کے معیار کے مطابق ہوں گے۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مال روڈ کو ڈسٹ فری ماڈل روڈ بنانے کے حوالے سے چند روز میں حتمی پلان طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں سیکرٹری وزیراعلیٰ، ڈپٹی کمشنر لاہور، ڈی جی پی ایچ اے اور چیف ایگزیکٹو آفیسر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے شرکت کی۔