سپریم کورٹ میں فیض آباد دھرنا نظر ثانی کیس کی سماعت آج ہوگی
09-28-2023
(ویب ڈیسک) سپریم کورٹ میں فیض آباد دھرنا نظر ثانی کیس کی سماعت آج ہوگی۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ سماعت کرے گا، جسٹس امین الدین خان اور جسٹس اطہر من اللہ بھی بنچ میں شامل ہیں۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 21 ستمبر کو مقدمہ سماعت کیلئے مقرر کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کیا تھا۔ انٹیلی جنس بیورو اور پیمرا نے نظرثانی اپیلیں واپس لینے کی درخواستیں دائر کر دیں، شیخ رشید کے وکیل نے کیس ملتوی کرنے کی استدعا کر رکھی ہے۔ جسٹس قاضی فائز عیسٰی اور جسٹس مشیر عالم پر مشتمل بنچ نے فروری 2019 میں فیصلہ سنایا تھا۔ وفاقی حکومت نے وزارت دفاع کے ذریعے نظرثانی درخواست دائر کی۔ پیمرا، الیکشن کمیشن، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم نے بھی نظرثانی درخواستیں دائر کیں۔