ملکی ترقی و استحکام اور امن کیلئے ایک دوسرے سے تعاون بڑھانا ہو گا: آرمی چیف
09-27-2023
(لاہور نیوز) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا دورہ پشاور، خواتین سمپوزیم اور صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سمپوزیم میں خواتین سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں خواتین نے ملکی ترقی میں مثبت اور اہم کردار ادا کیا ہے، ملکی ترقی میں خواتین کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی خواتین نے دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ کے باعث بے شمار چیلنجز کا سامنا کیا، خیبر پختونخوا کی خواتین نے تمام تر چیلنجز کے باوجود پختہ عزم اور بہادری کا ثبوت دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے خواتین کی حوصلہ افزائی بھی کی، آرمی چیف نے کہا کہ خواتین خیبرپختونخوا اور نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں، خواتین اس تبدیلی کا پورا پورا فائدہ اٹھائیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بعد ازاں صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی، اجلاس میں نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان بھی شریک ہوئے۔اپیکس کمیٹی میں آرمی چیف کو ذخیرہ اندوزی، منشیات اور دیگر اشیا کی سمگلنگ کے خلاف اقدامات پر بریفنگ دی گئی، آرمی چیف کو مجموعی سکیورٹی صورتحال کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ کمیٹی شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریاستی ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے متحد ہیں، اجلاس کے شرکاء نے شہداء کو بھی زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ ہمیں اپنے ملک کی ترقی و استحکام اور امن کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو بڑھانا ہوگا، ملک کے امن اور خوشحالی کے لیے اپنی کوششوں کو ہم آہنگ کرنا ہوگا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج خیبرپختونخوا کی ترقی اور استحکام کو یقینی بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی، پاک فوج صوبے کی معاشی ترقی کی رفتار کو بڑھانے میں تعاون جاری رکھے گی، آرمی چیف کی پشاور آمد پر کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔