بابائے جمہوریت نواب زادہ نصراللہ خان کی آج 20 ویں برسی ہے

09-27-2023

(لاہور نیوز) بابائے جمہوریت نواب زادہ نصراللہ خان کی آج 20 ویں برسی ہے ۔ نواب زادہ نصراللہ خان نے 18 سال کی عمر میں سیاست میں پہلا قدم رکھا۔

بابائے جمہوریت نواب زادہ نصراللہ خان 13 نومبر 1916ء میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے سیاست میں 18 سال کی عمر میں پہلا قدم رکھا اور مجلس احرار سے اپنا سیاسی سفر شروع کیا۔ قیام پاکستان کے بعد مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کر لی اور پاکستان میں مختلف سیاسی ادوار کے دوران جمہوریت کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہے۔ نواب زادہ نصراللہ خان 1950ء میں پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ انہوں نے حسین شہید سہروردی کے ساتھ عوامی لیگ کی بنیاد رکھی اور بعد میں پاکستان جمہوری پارٹی کے نام سے اپنی علیحدہ سیاسی جماعت بنا لی۔ 1964ء میں نواب زادہ نصراللہ خان نے کمبائنڈ اپوزیشن پارٹیز کے نام سے ایک اتحاد قائم کیا اور اسی سال صدارتی انتخابات میں محترمہ فاطمہ جناح کو اپنا امیدوار نامزد کیا۔ نواب زادہ نصراللہ خان کئی بار نظر بند اور پابند سلاسل رہے مگر آمریت کے سامنے سر نہ جھکایا۔ نواب زادہ نصراللہ خان کا اصل کردار بدترین سیاسی مخالفین کو بھی ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا تھا۔ اے آر ڈی جیسے مختلف الخیال سیاسی جماعتوں کے اتحاد نواب زادہ نصراللہ خان کے فہم و فراست کا ہی نتیجہ تھے۔ نواب زادہ نصراللہ خان 87 برس کی عمر میں 27 ستمبر 2003ء کو انتقال کر گئے لیکن انہیں پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ’’بابائے جمہوریت‘‘ کے نام سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔