عید میلاد النبیؐ کی آمد ، شہری آرائشی اشیاء کی خریداری میں مصروف

09-27-2023

(لاہور نیوز) عید میلاد النبیؐ کی آمد آمد ہے۔ شہری مساجد ، گلیوں اور بازاروں کو سجانے کے لئے آرائشی اشیاء کی خریداری میں مصروف ہیں۔

شہری عید میلادالنبیؐ منانے کیلئے پرجوش ہیں۔ گنپت روڈ پر رش بڑھنے لگا ۔ سبز جھنڈیوں ، بیجز، برقی قمقموں اور کاغذی پھولوں کی خریداری جاری ہے۔ شہری مساجد ، گلیوں اور بازاروں کو سجانے کیلئے آرائشی اشیاء خریدنے میں مصروف ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ نبی آخرالزماں حضرت محمدؐ کے یوم ولادت کو عید کی طرح منائیں گے۔ مساجد ، گھروں اور گلیوں کو خوبصورت لائٹوں اور جھنڈیوں سے سجائیں گے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ آرائشی اشیاء پر مناسب منافع لے رہے ہیں تاکہ ہر کوئی اس خوشی میں شریک ہو سکے۔ مارکیٹ میں عید میلادالنبیؐ کی مناسبت سے مسجد نبوی اور خانہ کعبہ کے ماڈلز بھی فروخت کیلئے رکھے گئے ہیں۔