آشوب چشم :پنجاب میں جمعرات اورہفتہ کو سکولوں میں تعطیل کا اعلان

09-27-2023

(دنیانیوز) صوبے میں آشوب چشم کی بڑھتی وبا کے پیش نظر نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کل بروز جمعرات اور ہفتہ کو نجی اور سرکاری سکولوں میں تعطیل کا اعلان کیا ہے ۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے راوی روڈ پر قائم گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کا اچانک دورہ کیا، جہاں طالبات نے سکول میں روشنی اور پنکھے کم ہونے کی بھی شکایت کی۔ حکومتی ہدایات کے باوجود سکول میں  آشوب چشم کی شکار  طالبات حاضر تھیں ، جس پر نگران وزیراعلیٰ نے برہمی کا اظہار کیا ۔ آشوب چشم کے شکار طلبہ کی سکولوں میں حاضری پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے سیکرٹری سکول کو فوری طور پر سکول طلب کرلیا ۔ وزیراعلیٰ نے صوبے کے تمام نجی اور سرکاری سکولوں میں جمعرات اور ہفتہ کی چھٹی دینے کی ہدایت جاری کردی  جبکہ  12 ربیع الاول کو عید میلادالنبیؐ کی چھٹی ہوگی۔  سوموار کو صبح تمام سکولوں کے باہر بچوں کو داخلے کے وقت اساتذہ چیک کریں گے ، جن بچوں میں آشوب چشم کی شکایت ہوئی انکو واپس گھروں کوبھیج دیا جائے گا۔  واضح رہے کہ لاہور  اور دیگر شہروں میں آشوب چشم کے بڑھتے ہوئے مرض سے سکول کالجز کے طالبعلموں سمیت عام شہریوں کی ایک بڑی تعداد متاثر ہو چکی ہے ۔ محکمہ صحت کے ذرائع کےمطابق لاہورشہر میں اب تک آشوب چشم کے وائرس سے تین ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں ۔