لاہور پولیس نے ناقص انجکشن کی تیاری میں ملوث شخص گرفتار کر لیا
09-27-2023
(لاہور نیوز) ناقص انجکشن سے مختلف افراد کی بینائی جانے کے معاملے پر لاہور پولیس نے انجکشن کی تیاری میں ملوث شخص کو گرفتار کر لیا۔
بلال رشید کو عارف والا سے حراست میں لیا گیا۔ ملزم بلال رشید ماڈل ٹاؤن کے نجی ہسپتال میں ناقص انجکشن تیار کرتا تھا۔ انجکشن کی ایک وائل سے 83 خوراکیں نکال کر لاکھ روپے منافع کمایا جاتا تھا۔ ملزم ناقص انجکشن پنجاب بھر کے ہسپتالوں کو سپلائی کر رہا تھا۔ معلوم ہوا ہے کہ آئی سرجن ڈاکٹر صفدر اقبال ہاشمی نے بلال رشید سے 10 انجکشن خریدے اور 8 مریضوں کو لگائے۔ لاہور پولیس کے سپیشل آپریشنز ونگ نے عارف والا پولیس کی معاونت سے ملزم بلال رشید کی گرفتاری یقینی بنائی۔ بلال رشید کے خلاف تھانہ چہلیک ملتان میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔