حج پالیسی 2024ء تیار کر لی گئی، کابینہ سے منظوری لے لی جائے گی، انیق احمد
09-26-2023
(ویب ڈیسک) نگران وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا حج پالیسی 2024ء تیار کر لی گئی، کابینہ سے 10 روز میں منظوری لے لی جائے گی۔
نگران وزیرمذہبی امور نے بتایا حج پالیسی میں 40 روز کے حج سمیت کم مدت کا حج بھی شامل ہو گا، اب پاکستانی حاجی گم نہیں ہوں گے، عازمین حج کو مخصوص رنگ اور ڈیزائن کے 2 سوٹ کیس دیئے جائیں گے، سوٹ کیس پر کیو آر کوڈ کی صورت میں عازمین حج کے کوائف موجود ہوں گے، سوٹ کیس پر نام، پاسپورٹ نمبر، رہائش گاہ، مکتب نمبر سمیت دیگر معلومات درج ہوں گی۔ انیق احمد نے مزید بتایا عازمین حج اب ہر وقت پاکستان میں اہل خانہ سے رابطے میں رہ سکیں گے، عازمین کو پہلی مرتبہ خصوصی موبائل پیکج دیا جائے گا، سعودی عرب کی موبائل فون کمپنی سے معاہدہ طے پا گیا ہے، پاکستانی عازمین رومنگ کے بغیر ہی موبائل فون پر آڈیو، ویڈیو کال کر سکیں گے، 4 ہزار روپے کے موبائل پیکج سے لامحدود بات ہو سکے گی۔