خاور مانیکا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر محکمہ اینٹی کرپشن کے حوالے
09-26-2023
(ویب ڈیسک) اوکاڑہ کی مقامی عدالت نےچیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے سابق شوہرخاورفرید مانیکا کو 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر محکمہ اینٹی کرپشن کےحوالے کر دیا۔
اینٹی کرپشن ترجمان کے مطابق خاور فرید مانیکا کو اوکاڑہ کی مقامی عدالت میں اینٹی کرپشن ٹیم نے پیش کیا،جہاں محکمہ کی جانب سے موقف اختیارکیا گیا کہ خاور مانیکا پر قبرستان کی زمین پر قبضے کا الزام ہے،خاور مانیکا نے دکانوں کیلئے کوئی این او سی حاصل نہیں کیا۔ عدالت سے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے اینٹی کرپشن نے کہا کہ دوران تفتیش ملزم کے ساتھ شریک دیگرملزمان کے کردار کا تعین کیا جائے گا۔ اوکاڑہ کی مقامی عدالت نے محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کی درخواست پرخاور مانیکا کو8 روزہ جسمانی ریمانڈ ان کے حوالے کر دیا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور کی مقامی عدالت نےغیرقانونی شادی ہال اور دکانیں تعمیر کرانے کے کیس میں خاور مانیکا کا ایک روزہ راہداری ریمانڈ منظور کیا تھا۔ یاد رہے کہ بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا کو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے ) نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے حراست میں لیا تھا اور بعدازاں انہیں محکمہ اینٹی کرپشن کے حوالے کر دیا گیا۔