نواز شریف کا استقبال: پارٹی قیادت نے مریم نواز کو خصوصی ٹاسک سونپ دیئے

09-26-2023

(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو گئیں، پارٹی قیادت نے مسلم لیگ کی چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر مریم نواز کو خصوصی ٹاسک سونپ دیئے۔

ذرائع کے مطابق پارٹی کی جانب سے نواز شریف کے استقبال میں خواتین کو ہراول دستے کا کردار دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے مریم نواز کو خواتین کے حوالے سے خصوصی ٹاسک سونپ دیئے، مریم نواز پارٹی کے خواتین ونگ کو فوری طور پر مزید فعال اور متحرک کریں گی۔ مریم نواز لندن سے واپسی پر خواتین ونگ کے ساتھ خصوصی اجلاس کریں گی، پارٹی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ گزشتہ انتخابات میں مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والی خاتون رہنماؤں کو خصوصی ٹاسک سونپے جائیں گے، خواتین رہنما اپنے اپنے علاقوں میں گھریلو اور خصوصاً نوجوان خواتین تک پارٹی کا پیغام پہنچائیں گی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف کے استقبال کے حوالے سے دیئے گئے ٹاسک پورے کرنے والی خواتین رہنماؤں کو آئندہ عام انتخابات میں مخصوص نشستوں کے لئے نامزد کیا جائے گا، گزشتہ 5 سال کے دوران پارٹی کے لئے مار کھانے والی خواتین کو مخصوص نشستوں کے لئے نامزدگی میں ترجیح دی جائے گی۔ گزشتہ 5 سال کے دوران صوبائی اسمبلی میں بہتر کارکردگی دکھانے والی خواتین کو قومی اسمبلی کے لئے نامزد کیا جائے گا، گزشتہ عام انتخابات کے بعد مسلم لیگ ن کی قومی اسمبلی میں 16 جبکہ پنجاب اسمبلی میں 30 خواتین خصوصی نشستوں پر منتخب ہوئی تھیں۔