ڈیجیٹل پرسنل لون کے چارجز کا تعین کر دیا گیا، کمپنیوں کیلئے اہم ہدایات جاری

09-26-2023

(ویب ڈیسک) سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے ڈیجیٹل پرسنل لون کے چارجز کا تعین کر دیا۔

اعلامیے کے مطابق ایس ای سی پی نے ڈیجیٹل ایپس سے قرض حاصل کرنے والے صارفین کے تحفظ اور قرض کی فراہمی کے ذمہ دارانہ طریقہ کار کو فروغ دینے کے پیش نظر، ڈیجیٹل ایپس کے ذریعے پرسنل قرض فراہم کرنے والی کمپنیوں کے لیے جامع ریگولیشنز جاری کی ہیں۔ اعلامیے کے مطابق ان نان بینکنگ فنانشل کمپنیوں کی جانب سے صارفین کو فراہم کئے جانے والے قرض کے چارجز کی حد کا تعین کر دیا گیا۔ سرکلر کے مطابق قرض فراہم کرنے والی کمپنی کی فیس تمام اقسام کے چارجز بشمول پروسیسنگ چارجز، سروس فیس، تصدیقی فیس، لون ہینڈلنگ فیس، سود کے معاوضے، دیر سے ادائیگی پر جرمانے اوردیگر قابل اطلاق چارجز پر مشتمل ہو گی۔ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ قرض دینے والی کمپنی فیس سمیت تمام اقسام کے چارجز سے آگاہ کرے گی، صارف کو قرض سے پہلے پروسیسنگ چارجز بتانا لازمی ہوگا۔ ڈیجیٹل ایپ قرض سے پہلے تمام معلومات فراہم کرنے کی پابند ہونگی۔