سٹیٹ بینک نے 2 منی ایکسچینج کمپنیوں کا لائسنس معطل کردیا
09-26-2023
(ویب ڈیسک) سٹیٹ بینک نے حوالہ ہنڈی اور کرنسی سمگلنگ سے متعلق ضوابط کی سنگین خلاف ورزیوں پر 2 منی ایکسچینج کمپنیوں کا لائسنس معطل کردیا۔
ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے 2 کمپنیوں کے خلاف کارروائی کے لیے ڈائریکٹر ایکسچینج پالیسی ڈیپارٹمنٹ سٹیٹ بینک آف پاکستان کو مراسلہ ارسال کیا تھا۔ مراسلے میں کہا گیا تھا کہ دونوں کمپنیوں کے خلاف حوالہ ہنڈی اورکرنسی سمگلنگ کے مقدمات درج ہیں، ان کے خلاف قوانین کے مطابق کارروائی کی جائے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعلامیےکے مطابق ایک مقامی ایکسچینج کمپنی کا اجازت نامہ 3 ماہ کے لیے معطل کیا گیا ہے، اجازت نامہ ضوابط کی سنگین خلاف ورزیوں پر معطل کیا گیا ہے۔ اعلامیےکے مطابق مقامی ایکسچینج کمپنی کے صدر دفتر، برانچوں اور فرنچائزز کو سرگرمیوں سے روک دیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک کے مطابق ایک اور مقامی ایکسچینج کمپنی کا اجازت نامہ قواعد کی خلاف ورزی پر تاحکم ثانی معطل کیا گیا ہے، ایکسچینج کمپنی، اس کے صدر دفتر اور برانچوں کو کاروباری سرگرمیوں سے روک دیا گیا ہے۔