سائفر کیس: چیئرمین پی ٹی آئی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 اکتوبر تک توسیع
09-26-2023
(ویب ڈیسک) سائفر کیس میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 اکتوبر تک توسیع کر دی۔
چیئرمین تحریک انصاف کے خلاف سائفر کیس کی سماعت آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے اٹک جیل میں کی، اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا بیرسٹر سلمان صفدر اور عمیر نیازی موجود تھے جبکہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی ٹیم بھی سماعت میں موجود تھی۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد خصوصی عدالت کے جج نے چیئرمین تحریک انصاف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 اکتوبر تک توسیع کر دی۔ دوسری جانب وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کا جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر انہیں عدالت پیش کیا گیا، سائفر کیس میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کیس کی اِن کیمرہ سماعت کی۔ پی ٹی آئی کے وکلا، سپیشل پراسیکیوٹرز، ایف آئی اے کی ٹیم عدالت میں پیش ہوئی جہاں سماعت کے بعد عدالت نے شاہ محمود قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی 10 اکتوبر تک توسیع کر دی۔ یاد رہے گزشتہ سماعت میں عدالت نے شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔