اویسٹن انجکشن : بینائی سے محروم ہونیوالے مریضوں کی تعداد میں اضافہ

09-26-2023

(لاہور نیوز) پنجاب میں اویسٹن انجکشن کے استعمال کے باعث بینائی سے محروم ہونے والے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں اب تک 68مریض سامنے آچکے ہیں،نگران صوبائی وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے میو ہسپتال میں گفتگو کرتے ہوئے مریضوں کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ دوسری جانب محکمہ صحت پنجاب نے اویسٹن انجکشن کیس میں کوتاہی برتنے پر صوبے کے 7اضلاع میں ڈرگ کنٹرولر ، ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر اور ڈرگ انسپکٹرز  سمیت 12افسران معطل کر دیئے ۔ لاہور سے ایک ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر اور دو   ڈرگ انسپکٹرز کو معطل کیا گیا ہے،معطل ہونیوالوں میں ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر رانا محمد شاہد،ڈرگ انسپکٹرز دانیال الہٰی چیمہ اور  شیر محمد زمان شامل ہیں،بہاولپور3،رحیم یار خان 2،قصور، خانیوال اور جھنگ سے بھی افسران کو معطل کیا گیا ہے ۔ نگران صوبائی وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر کے مطابق محکمہ صحت کی  جانب سے ذمہ داروں کے خلاف ایکشن جاری رہے گا۔