اوپن مارکیٹ میں امپورٹڈ گندم کی آمد، تین بحری جہاز لنگر انداز

09-25-2023

(لاہور نیوز) پاکستان کی اوپن مارکیٹ میں امپورٹڈ گندم کی آمد، 3 بحری جہاز لنگر انداز ہو گئے۔

امپورٹرز نے مزید 10 لاکھ ٹن درآمدی گندم خریداری کے معاہدے کر لئے، سندھ ، پنجاب کے امپورٹرز نے دسمبر 2023ء تک کیلئے 18 بحری جہاز بک کر لئے۔سندھ اور پنجاب کے فلورملز مالکان، امپورٹرز پر مشتمل 6 گروپس گندم امپورٹ کر رہے ہیں، ڈالر کی قدر میں مسلسل کمی کے تناسب سے امپورٹڈ گندم کی قیمت میں کمی کی جا رہی ہے۔ امپورٹرز نے درآمدی گندم کی ایکس کراچی قیمت مزید کم کر کے 4080 روپے فی من کر دی، امپورٹڈ گندم کی فی من قیمت مقامی گندم کی قیمت سے 350 روپے تا 400 روپے فی من سستی ہے، فلورملز نے مہنگے داموں مقامی گندم کی خریداری کم کر کے امپورٹڈ گندم کی خریداری بڑھا دی۔ لاہور میں درآمدی گندم 4332 روپے فی من، راولپنڈی اسلام آباد 4400 روپے میں پہنچ رہی ہے، رحیم یار خان میں درآمدی گندم کی قیمت 4228 روپے، پشاور میں 4408 روپے فی من ہے۔ اس وقت مقامی گندم کی قیمت لاہور میں 4650 روپے، راولپنڈی 4750 ، رحیم یار خان میں 4625 روپے ہے، لاہور میں بیس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2750 روپے، راولپنڈی میں 2720 روپے ہے۔