بھارتی میڈیا کی کینیڈا میں سرجیکل سٹرائیک کی دھمکی جلتی پر تیل ڈالنے کے مترادف ہے، فردوس عاشق

09-25-2023

(لاہور نیوز) استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے کینیڈا میں سرجیکل سٹرائیک کی دھمکی دینا جلتی پر تیل ڈالنے کے مترادف ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے بھارت کینیڈا تناؤ پر رد عمل میں کہا کہ ایسے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے عالمی امن خطرے سے دوچار ہوسکتا ہے، بھارت اس وقت پوری طرح اپنی بددماغی کے نرغے میں آ چکا ہے، عاقبت نا اندیش مودی سرکار کو سمجھ نہیں آرہی کہ ہٹ دھرمی کا نتیجہ نقص امن کے سوا کچھ نہیں۔ استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے کہا بھارت کو اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے دنیا سے معافی مانگنی چاہئے، بھارت میں مقیم سکھ برادری کو اس ساری صورتحال سے سبق سیکھنا چاہئے، سکھ برادری کو اپنے مذموم مقاصد کے لئے استعمال کرنے والا بھارت اب اسی سکھ برادری کے خلاف ہے۔