نجکاری کا عمل مکمل نہیں کر سکتے، شروع کر کے جائیں گے، نگران وزیر توانائی

09-25-2023

(لاہور نیوز) نگران وفاقی وزیر توانائی محمد علی نے کہا ہے کہ ہم نجکاری کا عمل مکمل نہیں کر سکتے لیکن شروع کر کے جائیں گے، نجکاری کی لسٹ میں شامل اداروں کی نجکاری کی جائے گی۔

پاور سیکٹر کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے نگران وفاقی وزیر توانائی محمد علی نے کہا کہ ڈسکوز سمیت پاور پلانٹس کیلئے اصلاحات کا عمل جاری ہے، حکومت کی زیادہ توجہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں پر ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈسکوز میں اصلاحات کیلئے تین تجاویز پر کام کیا جا رہا ہے، پہلی تجویز کے تحت ڈسکوز کی نجکاری زیر غور ہے۔ وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ بجلی کمپنیوں کے طویل عرصے کیلئے لانگ ٹرم کنسیشنل ایگریمنٹس کی تجویز ہے، اس طریقہ کار کے تحت ڈسکوز کی مینجمنٹ 20 سال سے زائد عرصے کیلئے پرائیویٹ سیکٹر کو دی جائے۔محمد علی نے کہا کہ بجلی کمپنیوں کو متعلقہ صوبوں کو دینے کی تجویز بھی زیر غور ہے، کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں تبدیلیاں کرنے جا رہے ہیں، بورڈ آف ڈائریکٹرز میں تبدیلیوں سے اصلاحات کا عمل شروع ہو گا۔