واہگہ زون کے کنٹرولڈ ایریاز میں غیر قانونی میگا کمرشل و انڈسٹریل تعمیرات کا انکشاف

09-25-2023

(لاہور نیوز) واہگہ زون کے کنٹرولڈ ایریاز میں 141 غیر قانونی میگا کمرشل و انڈسٹریل تعمیرات کا انکشاف ہو گیا۔ افسران اور بلڈنگ انسپکٹرز بھی ملوث نکلے۔

141غیر قانونی تعمیرات میں سے 85 زیر تعمیر ہیں، 56 غیر قانونی تعمیرات پایہ تکمیل کو پہنچنے کو ہیں۔ غیر قانونی تعمیرات سے خزانے کو دس کروڑ روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا۔ غیر قانونی تعمیرات کرانے میں ایم او پلاننگ واہگہ زون اور بلڈنگ انسپکٹرز ملوث ہیں۔ سرویئرز، کلرکس ، ہیلپر، الیکٹریشن ، گینگ مین، نائب قاصد ، ورک چارج ملازمین اور پرائیویٹ افراد بھی پیش پیش ہیں۔ جی ٹی روڈ جیسے فروزن ایریاز میں 45 غیر قانونی تعمیرات کروا دی گئیں۔ رپورٹ میں انکشاف  ہوا ہے کہ برکی روڈ پر 4 ، بھینی روڈ پر 2، کوٹلی گھاسی میں 7 کمرشل غیر قانونی تعمیرات جاری ہیں۔ بلال گنج سکیم میں 3، مقصود پورہ میں 1، رنگ روڈ کی سروس روڈ پر بھی کمرشل غیر قانونی تعمیرات ہو رہی ہیں۔ بیدیاں روڈ پر 8 کمرشل ، انڈسٹریل اور مارکیز ، ہانڈو روڈ پر 2 کمرشل و انڈسٹریل تعمیرات پر کام جاری ہے۔ گنجا سندھو روڈ پر ایک، تاج گڑھ روڑ پر ایک، مومن پورہ روڈ 6 جبکہ گنگا سندھو چوک میں دو کمرشل غیر قانونی تعمیرات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ڈائریکٹر ایڈمن کلیم یوسف کا کہنا ہے کہ غیر قانونی بلڈنگز کو سِیل کیا جائے گا، ملوث افسران اور بلڈنگز انسپکٹرز کے خلاف انکوائری کی جائے گی۔